کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ سے امریکی قونصل جنرل آفس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں سندھ حکومت کے زیرِ انتظام چلنے والی پبلک لائبریریز میں قائم لنکن کارنرز کی بہتری اور سہولیات کے اضافے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
امریکی وفد میں پبلک افیئر آفیسر Phill Dimon، پبلک ڈپلومیسی آفیسر ٹونی جونز، زہرا حاجیانی، بلال رضوی اور فضا عابد شامل تھے، جبکہ ملاقات میں ڈی جی لائبریریز اور ایم ڈی سیاحت بھی موجود تھے۔
وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لنکن کارنرز میں طلباء، محققین اور عام شہریوں کی معلوماتی وسائل تک رسائی کو مزید آسان، جامع اور جدید بنانے کے لیے سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم، ثقافت، سیاحت اور لائبریری نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور امریکی اداروں کے درمیان موجود تعاون علم، ثقافت اور عوامی خدمت کے میدان میں اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لنکن کارنرز میں عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے دونوں فریق مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گے تاکہ مطالعہ، تحقیق اور عالمی معلومات تک رسائی کو فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر نے امریکی وفد کو سندھی ثقافت کی نمائندہ اجرک اور کنگ پریسٹ کا یادگاری مجسمہ پیش کیا، جسے وفد نے شکریے کے ساتھ قبول کیا۔
