سندھ بھر میں "مارکہ حق جشن آزادی” 14 روزہ تقریبات، سعید غنی کی ٹاؤن چیئرمینز کو بھرپور تیاریاں یقینی بنانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے اعلان کیا ہے کہ اس سال یوم آزادی یکم تا 14 اگست تک صوبہ بھر میں "مارکہ حق جشن آزادی” کے عنوان سے شایانِ شان اور تاریخی انداز میں منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پیپلز پارٹی کراچی کے 13 ٹاؤنز چیئرمینز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

کورنگی میں نجی بینک کے باہر 97 لاکھ کی ڈکیتی، ڈاکو گاڑی چھوڑ کر آلٹو چھین کر فرار، پولیس تحقیقات جاری

سعید غنی نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ، ٹاؤن اور یوسی سطح پر سینکڑوں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ تمام ٹاؤنز اور ان کے تحت آنے والی یونین کونسلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جشنِ آزادی کے حوالے سے اپنی تیاریوں کا فوری آغاز کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی گلیوں، محلّوں، سڑکوں، مارکیٹوں، دفاتر، گھروں، گاڑیوں اور سرکاری و نجی عمارتوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے، جبکہ بڑی کمپنیاں برانڈڈ پاکستانی پرچم تیار کریں تاکہ سجاوٹ میں یکسانیت اور خوبصورتی پیدا کی جا سکے۔

سعید غنی نے زور دیا کہ ہر ٹاؤن کھیلوں کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کرے، جنہیں "مارکہ حق یوم آزادی ٹورنامنٹ” کا نام دیا جائے۔ یہ مقابلے قائداعظم، علامہ اقبال، شہداء پاکستان کے نام سے منسوب کیے جائیں۔ علاوہ ازیں، شہداء کی قبروں پر حاضری اور ان کے خاندانوں سے ملاقات کے پروگرام بھی ترتیب دیے جائیں۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ تمام ٹاؤنز میں فری میڈیکل کیمپس اور بلڈ ڈونیشن کیمپس کا انعقاد بھی کیا جائے تاکہ جشنِ آزادی کو ایک سماجی خدمت میں تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں جوش و جذبہ بڑھانے کے لیے بہترین سجاوٹ پر انعامات دیے جائیں، جس میں دکانیں، مارکیٹیں، گھر اور گاڑیاں شامل ہوں۔

سعید غنی نے بتایا کہ کراچی میں 13 اور 14 اگست کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں عظیم الشان کنسرٹ منعقد ہوگا، جب کہ سکھر، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں بھی بڑی تقریبات ہوں گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ "مارکہ حق جشنِ آزادی” کی یہ تقریبات سندھ کو ایک بار پھر قومی سطح پر قیادت کی علامت کے طور پر نمایاں کریں گی، اور عوام میں حب الوطنی، یکجہتی اور سماجی شرکت کا جذبہ بھرپور انداز میں ابھر کر سامنے آئے گا۔

61 / 100 SEO Score

2 thoughts on “سندھ بھر میں "مارکہ حق جشن آزادی” 14 روزہ تقریبات، سعید غنی کی ٹاؤن چیئرمینز کو بھرپور تیاریاں یقینی بنانے کی ہدایت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!