شکارپور (کرائم رپورٹر) شکارپور کے علاقے سلطان کمالانی میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس اور رینجرز نے کامیاب مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے بارہ گھنٹوں کے دوران تین ڈاکوؤں کو ہلاک، تین کو زخمی کر دیا جبکہ اغوا ہونے والے پولیس اہلکار کو باحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
کراچی میں مضر صحت گٹکا ماوا فیکٹری پر چھاپہ، 600 کلو سے زائد مواد برآمد، ملزم گرفتار
ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ کے مطابق یہ آپریشن شہزادو کمالانی جتوئی گینگ کے خلاف کیا گیا جو کچے کے علاقے میں متحرک تھا۔ آپریشن کی قیادت ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ اور رینجرز ونگ کمانڈر نے خود کی۔
آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس پارٹی پر مختلف اطراف سے شدید فائرنگ کی گئی تاہم فورسز نے جوابی کارروائی میں دو ڈاکو یارو کمالانی جتوئی اور بھاگھیو کمالانی جتوئی کو ہلاک کر دیا۔ یارو کی لاش پولیس نے برآمد کرلی، جبکہ باقی زخمی و ہلاک ڈاکو اپنے ساتھیوں کی مدد سے فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی شکارپور نے اس آپریشن کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ پولیس نے کچے کے ڈاکوؤں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بدنام ڈاکو شہزور کمالانی پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا، جس کے ردعمل میں اس کے ساتھیوں نے رستم پولیس پیکٹ پر حملہ کرکے ایک اہلکار زاھد شاہ کو زخمی جبکہ واجد یونیجو کو اغوا کر لیا تھا۔ پولیس کی بروقت کارروائی کے دوران نہ صرف اہلکار کو بازیاب کرا لیا گیا بلکہ دو مزید ڈاکو مارے گئے۔
ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ نے واضح کیا کہ “پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔” علاقے میں بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن اور ناکہ بندی جاری ہے۔
