کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے پیٹرولیم مصنوعات اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن اور غریب کش اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے مارے عوام پر مزید بوجھ ڈالنا ظلم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت غریبوں کو ریلیف نہیں دے سکتی تو کم از کم ان کی زندگی مفلوج نہ کرے۔
آرٹلری میدان پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، چار ملزمان گرفتار، منشیات اور گاڑی برآمد
محمد شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ 15 دن میں دو بار پیٹرول کی قیمت میں اضافہ جمہوریت کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ پیٹرول مہنگا، چینی نایاب، گیس و بجلی 16 گھنٹے غائب اور ٹیکسز کا بوجھ غریب پر ڈالنا عوام دشمنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں اور حقوق کے حصول کی جدوجہد میں عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں عوام کو ریلیف دینے کے لیے سبسڈی فراہم کرتی ہیں، مگر یہاں بجٹ کے بعد مہنگائی اور ٹیکسز کے ذریعے عوام کا جینا دوبھر کر دیا گیا ہے۔ حکمران طبقہ عوامی خدمت کی بجائے مہنگائی کو ہتھیار بنا کر ان سے جینے کا حق چھین رہا ہے۔
شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ حکومت کے معاشی استحکام کے دعوے صرف امیروں کے فائدے کے لیے ہیں، جبکہ غریب عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔ اگر پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہے تو حکومت کی اولین ترجیح غریب کو خوشحال بنانا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت عبادت ہے، اگر حکمران اخلاص کے ساتھ کام کریں تو ملک سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔ بیرونی معاشی پالیسیاں بالخصوص آئی ایم ایف کی شرائط ملکی معیشت کے لیے زہر قاتل ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ان پالیسیوں کو ہمیشہ کے لیے مسترد کرکے خودمختار معیشت کی جانب بڑھا جائے۔
