کراچی: ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق آرٹلری میدان تھانے کی پولیس نے منشیات کے عادی عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جن کے قبضے سے منشیات برآمد کی گئی ہے۔
کراچی میں پولیس کی بڑی کارروائی، چار سالہ مغوی بچہ بازیاب، اغواکار میاں بیوی اور ماں گرفتار
ترجمان ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ایس ایچ او آرٹلری میدان کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران منشیات استعمال کرنے والے افراد کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت سید منور حسین ولد سید مبشر حسین، سید عمار علی ولد سید اطہر علی، سمیر احمد ولد منظور احمد اور دکشٹ کمار گوبل ولد منوج کمار گوبل کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 30 گرام ویٹ (نشہ آور مواد) برآمد کی گئی ہے۔
کارروائی کے دوران ایک گاڑی بھی قبضے میں لی گئی، جس کی تفصیلات کچھ یوں ہیں:
رجسٹریشن نمبر: AAQ-341، ماڈل: 1996، رنگ: سلور، ساخت: ہونڈا سوک۔
گاڑی کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 550 کے تحت پولیس کی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 169/2025 انسداد منشیات ایکٹ کی دفعات 9(i)2-a کے تحت تھانہ آرٹلری میدان میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کے لیے ملزمان کو تحقیقاتی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ساوتھ نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور علاقے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
