(کھپرو) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان اور رکنِ قومی اسمبلی شازیہ مری نے تعلقہ کھپرو میں ایک پروقار تقریب کے دوران 372 سیلاب متاثرہ خواتین کو مالکانہ حقوق کی گھروں کی اسناد تقسیم کیں۔ اس تقریب میں مقامی منتخب نمائندوں، ڈپٹی کمشنر اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کو "سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز” اسکیم کے تحت باعزت رہائش فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ دوبارہ زندگی کی بحالی کی طرف گامزن ہو سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 21 لاکھ مکانات تعمیر کیے جا چکے ہیں جو متاثرہ خاندانوں کے حوالے کیے جا رہے ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن پر عمل پیرا ہے، جو ہمیشہ خواتین کو بااختیار دیکھنا چاہتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آج بھی لاکھوں مستحق گھرانوں کے لیے امید کی کرن ہے، اور پیپلز پارٹی کا عزم ہے کہ ملک کے پسماندہ طبقات کو معاشی طور پر مستحکم کیا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق سندھ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور انہیں گھروں کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ کوئی بھی متاثرہ خاندان بے گھر نہ رہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری بھی شہید بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں اور خصوصاً خواتین کی خودمختاری کے لیے مختلف اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو ہمیشہ غریب، مظلوم اور پسماندہ طبقے کی نمائندہ رہی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر گھروں کی اسناد حاصل کرنے والی خواتین نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے ان کے دکھوں کا حقیقی مداوا کیا ہے اور اب وہ نئی امید کے ساتھ زندگی کا نیا آغاز کریں گی۔

