بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فضائیہ کا ایک لڑاکا طیارہ ریاست راجستھان کے علاقے بھانودا گاؤں میں گر کر تباہ ہو گیا، واقعے میں پائلٹ کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
صدر آصف علی زرداری کے استعفیٰ کی خبریں بے بنیاد ہیں عوام منفی پراپیگنڈے سے گریز کریں سینیٹر شیری رحمٰن
این ڈی ٹی وی کے مطابق طیارے نے سورت گڑھ ایئر بیس سے اڑان بھری تھی، جبکہ بھارتی فضائیہ کے راجستھان میں متعدد فضائی اڈے موجود ہیں، جن میں جودھپور اور بیکانیر کے ایئر بیس نمایاں ہیں۔
’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق راجال دیسر کے ایس ایچ او کملیش نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ حادثہ دوپہر 1 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا، جب طیارہ بھانودا گاؤں کے ایک زرعی میدان میں گر کر تباہ ہو گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جائے وقوعہ پر انسانی جسم کے اعضا بکھرے ہوئے پائے گئے، جس سے اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پائلٹ حادثے میں زندہ نہ بچ سکے۔
حادثے کے بعد ریسکیو اور تفتیشی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
یاد رہے کہ مارچ 2025 میں بھی بھارتی فضائیہ کا ایک لڑاکا طیارہ ہریانہ کے ضلع پنچکولا میں گر کر تباہ ہوا تھا۔ اس واقعے میں پائلٹ نے خرابی کے باوجود طیارے کو آبادی سے دور لے جا کر محفوظ طریقے سے ایجیکٹ کیا تھا۔
اس سے قبل اپریل میں جیگوار لڑاکا طیارہ بھی گجرات کے جام نگر کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں ایک پائلٹ سدھارتھ یادو نے اپنے ساتھی کو بچاتے ہوئے جان قربان کر دی تھی۔ ان کے والد سشیل یادو نے بعد ازاں کہا تھا، "مجھے فخر ہے کہ میرے بیٹے نے کسی کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان دی، لیکن وہ میرا اکلوتا بیٹا تھا۔”
بھارتی فضائیہ میں حالیہ برسوں کے دوران تربیتی اور آپریشنل پروازوں کے دوران حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس پر بھارتی دفاعی اداروں کو تشویش لاحق ہے۔
