سینیٹر شیری رحمٰن نے صدر آصف علی زرداری کے استعفیٰ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ان اطلاعات کو جعلی، بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈا قرار دیا ہے۔
ہارون بلور کی بیوہ سمر بلور مسلم لیگ ن میں شامل مخصوص نشست پر ایم پی اے بنائے جانے کا امکان
اپنے بیان میں شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ عوام ایسی جھوٹی خبروں کا حصہ نہ بنیں اور غیر مصدقہ افواہوں سے گریز کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صدر آصف علی زرداری نے ہمیشہ جمہوریت کا علم بلند رکھا ہے اور وہ جمہوری استحکام، آئینی اقدار اور سیاسی بصیرت کی علامت ہیں۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ زرداری نے اپنے دورِ صدارت میں تمام اختیارات رضاکارانہ طور پر پارلیمان کو منتقل کیے، جو ایک تاریخی اقدام تھا اور جس نے پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی صدر زرداری اتحادی حکومت کے توازن اور استحکام کا مرکزی ستون ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر فوقیت دی اور موجودہ حالات میں وہ پارلیمانی نظام کے محافظ اور آئینی تسلسل کے ضامن ہیں۔
شیری رحمٰن نے اس بات پر زور دیا کہ صدر زرداری کی موجودگی ہی اس امر کی ضمانت ہے کہ آئین، پارلیمان اور جمہوری ادارے محفوظ اور مستحکم رہیں گے۔
انہوں نے افواہیں پھیلانے والوں کو متنبہ کیا کہ ایسے ہتھکنڈے صرف جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں، جو کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی۔
