اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) حکومتِ پاکستان نے یومِ آزادی 14 اگست 2025 کو ’’معرکۂ حق‘‘ کے عنوان سے بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد اتحاد، عزم، اور ترقی کی راہ پر گامزن پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
چینی ایئرچیف کی پاک فضائیہ کی بھارت کو مؤثر جواب دینے کی صلاحیت کو زبردست خراجِ تحسین
یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا، جس کے تحت یومِ آزادی کی تقریبات کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ، وزیر تعلیم خالد مقبول اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی ایس پی آر، وزارت اطلاعات و دیگر وزارتوں کے نمائندگان بھی شریک تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ آزادی کی تقریبات نہ صرف ملک بھر میں بلکہ بیرونِ ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی یکساں انداز میں منعقد کی جائیں گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ یومِ آزادی قومی احیاء، خود انحصاری اور عزمِ نو کا دن ہے، پاکستان اب بقا نہیں بلکہ قیادت اور ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم متحد ہے اور ہر سازش کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے اعلان کیا کہ یومِ آزادی کے لیے خصوصی ملی نغمے، پروگرامز، اور ڈاکیومنٹریز تیار کی جا رہی ہیں تاکہ ہر فرد تک قومی پیغام پہنچایا جا سکے۔
وزیر تعلیم خالد مقبول نے بتایا کہ ملک بھر کے اسکولوں اور جامعات میں مباحثے، مصوری، اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نئی نسل میں حب الوطنی کو فروغ دیا جا سکے۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ تقریبات دیہی و شہری ہر سطح پر منعقد کی جائیں گی تاکہ ہر پاکستانی اس دن کی اہمیت سے بخوبی واقف ہو سکے۔
