اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس (چین) کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ گنگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
Ajrak Number Plate Drama in Karachi | Traffic Police’s New Game?
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی، اور فضائی طاقت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایئر چیف نے مہمان وفد کا شاندار خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان آزمودہ اسٹریٹجک تعلقات کو باہمی اعتماد اور علاقائی امن کی بنیاد قرار دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل وانگ گنگ کو پاک فضائیہ کے جدید فورس اسٹرکچر، اسٹریٹجک اقدامات اور آپریشنل نظریے کے ارتقاء پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چینی ایئر چیف نے PAF کی آپریشنل تیاریوں، جدید صلاحیتوں، اور بالخصوص ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت کو سراہا۔
انہوں نے ملٹی ڈومین آپریشنز میں PAF کی مؤثر کارکردگی کو جدید فضائی جنگ کا عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے اس سے سیکھنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
لیفٹیننٹ جنرل وانگ نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور جرات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی اے ایف نے غیر معمولی حکمت عملی سے دشمن کو مؤثر جواب دیا، جو عسکری تربیت کی درسی کتاب کی حیثیت رکھتا ہے۔
ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے تربیت، ٹیکنالوجی اور آپریشنل شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کی فضائی افواج کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔
یہ ملاقات پاک-چین دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا عملی مظہر ہے۔
