غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں مزید 78 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جن میں امداد کے منتظر 9 شہری بھی شامل ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں خوراک کی تقسیم کے دوران اسرائیلی حملے میں دو امریکی امدادی کارکن زخمی ہو گئے۔ تاہم اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ امدادی کارکن حماس کی کارروائی میں زخمی ہوئے۔
خوراک کی تلاش میں نکلنے والے فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں اب تک 743 افراد شہید اور 4831 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان حملوں کا نشانہ بننے والوں میں بڑی تعداد خواتین، بچوں اور بزرگوں کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے لیے اسرائیلی وفد آج قطر روانہ ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کی جانب سے تجویز کردہ جنگ بندی مسودے میں کی گئی تبدیلیوں کو قبول نہیں کیا گیا، تاہم مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ حماس نے کون سی تبدیلیوں کی درخواست کی تھی۔
ادھر حماس پہلے ہی غزہ میں فوری جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرچکی ہے۔
