لیاری میں عمارت گرنے کا سانحہ: 27 جاں بحق، ریسکیو آپریشن تیسرے روز بھی جاری

کراچی کے قدیم علاقے لیاری بغدادی میں عمارت گرنے کے سانحے کے بعد ریسکیو آپریشن تیسرے روز میں داخل ہوگیا ہے، جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 27 تک جا پہنچی ہے۔ گدا پیلس نامی پانچ منزلہ رہائشی عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہوچکی ہے۔

لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ: سرکاری غفلت، ملی بھگت اور غیردستاویزی تعمیرات بے نقاب

ریسکیو حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر ملبہ ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری استعمال کی جا رہی ہے، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے تلے مزید لاشیں موجود ہو سکتی ہیں، جس کے باعث آپریشن میں احتیاط برتی جا رہی ہے۔ ریسکیو 1122 کے افسر نے جیو نیوز کو بتایا کہ اب تک 95 فیصد ملبہ ہٹایا جاچکا ہے اور 27 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں 3 بچے، 9 خواتین اور 15 مرد شامل ہیں، جب کہ مزید 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ملبے سے دو بار بھاری رقوم بھی ملی ہیں، جو موقع پر موجود ذمہ داروں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

سانحے کے بعد افسوسناک انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ عمارت 2022 میں تین منزلہ ہونے پر ہی خطرناک قرار دی گئی تھی اور تیسری منزل گرانے کے احکامات دیے گئے تھے، تاہم اس کے برعکس مزید دو منزلیں تعمیر کر دی گئیں۔

واقعے میں جاں بحق ہونے والے 20 افراد کا تعلق ہندو مہیشوری برادری سے تھا۔ ان کی آخری رسومات موسیٰ لین ایدھی سرد خانے میں ادا کی گئیں، جس کے بعد انہیں بلدیہ مواچھ گوٹھ مہیشوری قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

حادثے سے اطراف کی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں، جنہیں خالی کراکے پولیس نے علاقہ سیل کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گرنے والی عمارت کے نیچے پارکنگ میں موجود تقریباً 50 رکشے بھی ملبے تلے دب گئے ہیں۔

اسی علاقے میں آگرہ تاج کے مقام پر ایک اور 8 منزلہ رہائشی عمارت میں دراڑیں پڑنے کے بعد اسے خالی کراکے سیل کر دیا گیا ہے۔ عمارت کی بجلی منقطع کر دی گئی ہے جب کہ پانی کی ٹینکی بھی ہٹا دی گئی ہے۔

متاثرہ رہائشیوں نے متبادل رہائش کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے مطابق متاثرین کو عارضی طور پر اسکول منتقل کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

پولیس نے عمارت کے بلڈر اور کنٹریکٹر کے خلاف کلری تھانے میں مقدمہ درج کرلیا ہے، جو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ واضح رہے کہ مذکورہ عمارت صرف دو سال قبل تعمیر کی گئی تھی۔

53 / 100 SEO Score

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!