اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سیکریٹری جنرل اسمبلی عامر حبیب اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اپوزیشن کے 26 ارکان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے قانونی ماہرین سے مشاورت کریں گے۔
وزیرستان اور باجوڑ میں سیکیورٹی خدشات پر کرفیو نافذ بم دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت 5 افراد شہید
پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے ریفرنس کے لیے تمام ضروری دستاویزات مکمل کر لی گئی ہیں، جن میں سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا حمزہ شہباز کے خلاف دیا گیا فیصلہ اور 27 جون کو پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے واقعے کے مکمل شواہد شامل ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تقریر کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شور شرابہ، نعرے بازی اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی، جس پر اسپیکر نے 26 ارکان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف نااہلی کی کارروائی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر اور سیکریٹری اسمبلی اسلام آباد میں سینئر قانون دانوں سے ملاقات کریں گے تاکہ ریفرنس کو قانونی طور پر مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ مشاورت کے بعد ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ توڑ پھوڑ کے الزام میں 10 ارکان پر 20 لاکھ روپے جرمانہ اور ہر رکن کو 2 لاکھ 3 ہزار 550 روپے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی مد میں ادا کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مخصوص نشستوں سے بھی محروم ہو چکی ہے، جس کے بعد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی پوزیشن مزید کمزور ہو گئی ہے۔
