کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت کے لیے آج ملک بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے جبکہ مظفرآباد میں صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان سائرن بجائے گئے اور کشمیری شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
محکمہ موسمیات کی رمضان المبارک 1447ھ کے آغاز سے متعلق اہم پیش گوئی، پہلا روزہ 19 فروری کو متوقع
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں، سیمینارز، تقاریب اور اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے مختلف راستوں پر انسانی
ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا جا رہا ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات:
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیری عوام سے غیر متزلزل حمایت کی تجدید کا دن ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
افواجِ پاکستان کا اظہارِ یکجہتی:
افواجِ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں۔ بھارت کی جانب سے کشمیر کے آبادیاتی اور سیاسی تشخص کو تبدیل کرنے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے اور عالمی برادری کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ افواجِ پاکستان نے کشمیری عوام کی آزادی اور وقار کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
