پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر راجہ اظہر نے پیٹرول کی قیمت میں حالیہ 10 روپے فی لیٹر اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "فارم 47 کی مسلط کردہ حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پسی عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرا دیا ہے۔”
کورنگی میں فائرنگ کا واقعہ پولیس اہلکار عمیر شہید ڈی آئی جی ایسٹ کا نوٹس ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت اب 262 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی ہے، جبکہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں یہی قیمت 150 روپے تھی۔ راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ:
"بار بار پٹرول بم گرانے کے بجائے ایک بار پوری قوم پر بم گرا دیں تاکہ نہ عوام رہے اور نہ یہ ظلم۔”
راجہ اظہر نے کہا کہ یہ حکومت، جو کبھی کہتی تھی کہ پیٹرول مہنگا ہونے کا مطلب حکمران چور ہیں، آج خود پیٹرول کو تاریخی سطح پر لے آئی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ:
"شہری پٹرول ڈلوائیں یا بچوں کو روٹی کھلائیں؟”
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی اور ٹیکسز کی طوفانی لہر نے عوام کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے، اور سندھ حکومت بھی مزید ٹیکسز لگا رہی ہے۔
انہوں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:
"کچھ تو شرم کرو، عوام بھوک سے مر رہے ہیں، کبھی عوام میں نکل کر دیکھو کہ ان کی زندگی کتنی اجیرن ہو چکی ہے۔”
راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ:
"پیٹرول مہنگا خانہ جنگی یا سیلاب سے نہیں بلکہ حکومت کی نااہلی، کرپشن اور مفاد پرستی سے ہوتا ہے۔”
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ:
"یہ اضافہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، پاکستان تحریک انصاف اس پر شدید احتجاج کرے گی اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔”
