اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری، جی-6 کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ناظم آباد میں اندھی گولی سے شہری زخمی، پولیس کی بروقت کارروائی، ملزم گرفتار
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات کی اور ان سے سیکیورٹی و سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ منتظمین نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ محرم الحرام کے موقع پر جامع سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، جس میں شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور سرویلنس نظام کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "بزدل دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے”۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ان کی درخواست پر آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور تمام صوبوں میں فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ فوج سول انتظامیہ کی مدد کے لیے موجود رہے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال ہر حال میں برقرار رہے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد نے وزیر داخلہ کو سیکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا اور ایس ایس پی شعیب بھی موجود تھے۔
