کراچی — ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز سندھ نے صوبے بھر میں ڈینگی اور دیگر ویکٹر سے پھیلنے والی بیماریوں کے تدارک کے لیے ہنگامی اقدامات کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلی کے بعد ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کی وارننگ کے بعد محکمہ صحت سندھ نے تمام اضلاع کو فوری ایکشن لینے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات، کراچی کی ترقی پر گفتگو
محکمہ صحت کے مطابق، تمام اضلاع کو آر ایم این سی ایچ (RMNCH) اور ہیلتھ ایجوکیشن ٹیموں کے ساتھ مل کر آگاہی مہم چلانے اور عوام کو بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ نے این آئی ایچ اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ ڈینگی کنٹرول ایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔ ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ 2023 میں پاکستان میں ڈینگی کے 21 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، اور یہ بیماری مقامی سطح پر ہر سال پھیلتی ہے۔
ماہرین کے مطابق 60 فیصد نمی اور 26 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ڈینگی وائرس کی افزائش کے لیے موزوں ہوتا ہے، جس کی وجہ سے شہری اور نیم شہری علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ نے عوامی آگاہی کو ترجیح دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عوام کو حفاظتی اقدامات، خاص طور پر پانی جمع نہ ہونے دینا، مچھر دانیوں کا استعمال، اور صفائی ستھرائی پر فوری عمل کی ترغیب دی جائے تاکہ ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کو مؤثر طور پر روکا جا سکے۔
