کراچی (پریس ریلیز) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی فائن آرٹ کمیٹی کے زیرِ اہتمام احمد پرویز آرٹ گیلری میں معروف پینٹر مسعود اے خان کے ساتھ ایک شام کا اہتمام کیا گیا جسے "برش آور” کا عنوان دیا گیا۔ اس موقع پر مسعود اے خان نے لائیو پینٹنگ کے ذریعے اپنے تخلیقی فن کے جوہر دکھائے اور حاضرین کے دل جیت لیے۔
اس تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، ٹی وی ڈائریکٹر سہیل ہاشمی، ڈائریکٹر اکیڈمی ارمان رحیم، بین الاقوامی تعاون کے سربراہ جہانزیب علی شاہ، معروف مصور شاہد رسام سمیت فن مصوری سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ تنویر شہاب اور عمائینہ خان نے تخلیقی میزبانی کے فرائض انجام دیے۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آرٹس کونسل دنیا بھر کے فنکاروں کو جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں 102 ممالک کے فنکار اور 30 ممالک کے پینٹرز شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹ کے ذریعے دنیا میں امن اور خوبصورتی کے پیغام کو عام کیا جا رہا ہے اور آرٹس کونسل کا مقصد فنکاروں کو ایک چھت تلے لاکر انہیں مکمل تعاون فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ تنویر شہاب نے کہا کہ مسعود اے خان کا کام بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور وہ اپنی تخلیقی نگاہ سے دیوار کے پار بھی دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مسعود اے خان نے اس موقع پر کہا کہ آرٹسٹ کا اصل کام اس کا اسٹوڈیو ہے جہاں وہ اپنی تخلیق کو نکھارتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹ کا مقصد دنیا کو خوبصورتی اور امن کی راہ پر گامزن کرنا ہے اور ایک سچا آرٹسٹ اپنے کام سے مخلص ہوتا ہے۔
تقریب میں مختلف فنکاروں اور شرکاء نے مسعود اے خان کے فن پاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے تخلیقی کام کی تعریف کی۔

