کراچی (پریس ریلیز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ملازمین کسی بھی ادارے کی ترقی اور استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کریں، جبکہ ملازمین کا بھی فرض ہے کہ ادارے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
پارلیمانی پارٹی اجلاس: بلاول بھٹو کی بجٹ حمایت کی ہدایت، پیپلزپارٹی کی تجاویز پر اہم ترامیم منظور
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک بیان میں کیا اور بتایا کہ صرف آج کے دن ریٹائرڈ ملازمین اور فوت شدہ ملازمین کے لواحقین کو بقایا جات کی مد میں ساڑھے 7 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ادا کی گئی ہے۔ اس میں 2017 سے 2023 کے دوران فوت ہونے والے 50 سے زائد ملازمین کے بقایا جات اور 2013 کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین کے واجبات شامل ہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ یہ جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ بے بس اور پریشان حال ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے حقوق کی ادائیگی ممکن ہو سکی۔ انہوں نے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ابتداء سے تمام ٹاؤن چیئرمینز کو ہدایت دی تھی کہ وہ ریٹائرڈ اور فوت شدہ ملازمین کے واجبات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ ان کے اہل خانہ کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
لانڈھی ٹاؤن کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اب تک ریٹائر اور فوت شدہ ملازمین کے لواحقین کو 11 کروڑ روپے سے زائد کی رقم واجبات کی مد میں ادا کی جا چکی ہے جبکہ 2018 کے ایڈہاک ملازمین کو 75 فیصد واجبات کی رقم ادا ہو چکی ہے اور بقیہ 25 فیصد کی ادائیگی کا عمل مکمل ہونے کے قریب ہے۔
اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین عبدالجمیل خان نے کہا کہ ان کے دور میں کسی بھی حاضر سروس، ریٹائر یا فوت شدہ ملازم کے حق میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ میونسپل کمشنر ابراہیم عمرانی نے کہا کہ ادارے کی مالی مشکلات کے باوجود ملازمین کے واجبات کی بروقت ادائیگی ان کی اولین ترجیح ہے۔ وائس چیئرمین محمد عمران نے کہا کہ وہ ملازمین کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے ہر وقت دستیاب ہیں۔
