یرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام اور قوم سے ٹیلی ویژن پر خطاب میں امریکا کے خلاف فتح کا اعلان کرتے ہوئے ایرانی قوم کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ایران نے امریکا کے ظالم نظام پر تاریخی فتح حاصل کی اور امریکا کو اس جنگ سے کوئی کامیابی نہیں ملی۔‘‘
محرم الحرام سیکیورٹی پلان اشتعال انگیزی پر زیرو ٹالرنس سوشل میڈیا پر سخت اقدامات کا فیصلہ
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیل کی مکمل تباہی کے خطرے کے پیش نظر امریکا جنگ میں کودا، لیکن اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود صہیونی نظام کو بچانے میں ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اسلامی جمہوریہ نے امریکا کے منہ پر زوردار طمانچہ مارا اور العدید ایئر بیس کو نقصان پہنچا کر اس کی طاقت کو چیلنج کیا۔‘‘
ایرانی سپریم لیڈر نے واضح کیا کہ اگر ایران پر دوبارہ جارحیت مسلط کی گئی تو پہلے سے زیادہ بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’امریکا نے ہم سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا مگر ایرانی قوم نے عزت کی موت کو ذلت کی زندگی پر ترجیح دی اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔‘‘
خامنہ ای نے زور دیا کہ ایران کو خطے میں امریکا کے اہم مراکز تک رسائی حاصل ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ایسی کارروائی آئندہ بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’دشمن کو آئندہ کسی بھی جارحیت پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔‘‘
یاد رہے کہ ایران-اسرائیل جنگ کے دوران امریکا نے اسرائیل کی حمایت میں براہِ راست مداخلت کی تھی لیکن ایران کا مؤقف ہے کہ اس کا نتیجہ امریکی ناکامی کی صورت میں نکلا۔
