کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سعود آباد اور ایئرپورٹ کے قریب دو انتہائی مطلوب ملزمان محمد شہاب خان عرف کارا اور منصور عالم عرف چَرکٹ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم (لندن) سے بتایا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان منشیات فروشی، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے ایک رکشہ، دو موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم منصور عالم نے انکشاف کیا کہ وہ 2011 میں سیاسی جماعت میں شامل ہوا اور وال چاکنگ، بینرز لگانے اور چندہ و فطرانہ جمع کرنے کے کام میں مصروف رہا۔ کراچی آپریشن کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے رکشہ چلانا شروع کیا اور اسی رکشے کو گٹکا، ماوا اور منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال کرتا رہا۔
ملزم محمد شہاب خان نے اعتراف کیا کہ وہ ایک نجی فیکٹری میں کنٹرول انچارج کے طور پر کام کرتا تھا اور پارٹ ٹائم اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا۔ دونوں ملزمان متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
گرفتار ملزمان نے ملیر، شاہ فیصل کالونی، لانڈھی اور کورنگی میں متعدد اسٹریٹ کرائم اور تین دودھ کی دکانوں پر ڈکیتی کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان نے مجموعی طور پر اسلحے کے زور پر 4 لاکھ روپے اور 40 سے 50 موبائل فونز لوٹنے کا اعتراف بھی کیا۔
ملزمان کو مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر فراہم کریں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
