تہران/واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی سرکاری میڈیا نے امریکی حملے میں فردو جوہری تنصیبات کو ہونے والے نقصان کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حملے میں فردو کے داخلی اور خارجی راستے پر واقع صرف دو سرنگوں کو نقصان پہنچا، تنصیبات کے دیگر حصے محفوظ رہے۔
ایران پر امریکی حملوں پر برطانوی وزیراعظم کا ردعمل: بحران کا سفارتی حل ناگزیر قرار
برطانوی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فردو تنصیب کی مکمل تباہی کے دعوے کے ذریعے دنیا کو ’چکمہ‘ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
قم کے کرائسز مینجمنٹ کے ترجمان مرتضیٰ حیدری نے پہلے حملے کی تصدیق کی تھی، تاہم بعد میں واضح کیا کہ پورا صوبہ بالکل پرامن ہے اور حالات معمول پر ہیں۔
ادھر انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کا کہنا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد آف سائٹ تابکاری کی سطح میں کوئی اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا، تمام جوہری مقامات پر تابکاری کی سطح معمول کے مطابق ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ امریکی حملوں میں بی 2 بمبار طیاروں نے فردو، نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، اور 30 ٹن دھماکا خیز مواد اور 30 ٹاما ہاک میزائل استعمال کیے گئے۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ فردو تنصیب مکمل طور پر تباہ کر دی گئی، جس کی ایران نے تردید کر دی ہے۔
