لندن/تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں پر برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا ردعمل سامنے آگیا۔ کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام دنیا کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال غیر مستحکم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بحران کا سفارتی حل نکالنے کے لیے ایران کو مذاکرات کی میز پر واپس آنا ہوگا۔
نیتن یاہو: امن صرف طاقت سے ممکن، ایران کے جوہری پروگرام پر حملہ امریکا کی بہادری ہے
واضح رہے کہ امریکا نے بی 2 اسٹیلتھ بمبار طیاروں کے ذریعے ایران کی تین اہم جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان پر حملے کیے۔ ایرانی حکام نے حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ایرانی ایٹمی توانائی ادارے کے سربراہ نے امریکی حملے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی قومی صنعت کی ترقی رکنے نہیں دے گا۔
ادھر امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے اسرائیل پر خیبر شکن میزائلوں سے حملہ کیا، نئے مرحلے میں 20 سے 40 میزائل داغے گئے، جس سے کئی اسرائیلی شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
