ریاض/بغداد/قاہرہ/کویت سٹی/ہوانا (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ سعودی عرب، عراق، مصر، کویت، کیوبا، چلی، میکسیکو اور وینزویلا نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسئلے کے سیاسی اور سفارتی حل پر زور دیا ہے۔
فردو ایٹمی تنصیب پر امریکی حملے میں صرف دو سرنگوں کو نقصان، تابکاری سطح معمول پر
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے مسئلے کو سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے اور بین الاقوامی برادری بحران کے خاتمے کیلئے فوری کوششیں تیز کرے۔
عراق نے بھی امریکی حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوہری تنصیبات پر حملے خطے کے امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ کویت نے بھی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے فوری سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
مصری وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران پر امریکی حملے سے علاقائی اور عالمی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
ادھر لاطینی امریکی ممالک کیوبا، چلی، میکسیکو اور وینزویلا نے بھی امریکی کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تنازع کا حل فوجی نہیں، مذاکرات اور سیاسی بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بی 2 اسٹیلتھ بمبار طیاروں کے ذریعے ایران کی فردو، اصفہان اور نطنز میں جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ایران نے حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
