تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کو کھلی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایٹمی تنصیبات پر حملہ کر کے این پی ٹی (جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے) اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔
ایران کی یورینیم افزودگی تنصیبات تباہ، مزید شدید حملوں کی وارننگ: صدر ڈونلڈ ٹرمپ
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران اپنے عوام اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کے حملے خطے میں بدامنی کو مزید ہوا دیں گے اور ان کا خمیازہ حملہ آور قوتوں کو بھگتنا پڑے گا۔
یاد رہے کہ امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں ایران کی جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان کو نشانہ بنایا گیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق 6 بی-2 بمبار طیاروں اور 30 ٹاما ہاک میزائلوں کے ذریعے حملے کیے گئے، جن میں فردو کی ایٹمی تنصیب مکمل طور پر تباہ کر دی گئی۔ امریکی صدر نے حملے کو ایک بڑی فوجی کامیابی قرار دیا ہے۔
