وزیراعظم کا بجٹ دفاع ایران سے یکجہتی کا اعادہ اور توانائی اصلاحات کی منظوری

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں مالی سال 2025-26 کے بجٹ اور حالیہ علاقائی کشیدگیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی، انکم ٹیکس سے لے کر دفاعی اخراجات، توانائی اصلاحات اور ایران سے یکجہتی تک اہم امور پر پالیسی مؤقف پیش کیا گیا۔
اسرائیلی حملے میں ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ تابکاری کے خطرے کی تردید

وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے پیدا ہونے والے مالی بوجھ کے پیش نظر انکم ٹیکس کی شرح میں اضافہ ناگزیر تھا۔ فنانس بل میں 1 فیصد شرح کی تجویز دی گئی تھی، تاہم وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ تقریر میں نئی شرح 2.5 فیصد کا اعلان کیا، جسے بعد میں کابینہ نے منظور کر لیا۔ چیئرمین ایف بی آر کے مطابق، ایک لاکھ روپے ماہانہ آمدن پر ملازم کو اب ایک ہزار روپے ٹیکس دینا ہوگا۔

دفاعی بجٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے واضح کیا کہ علاقائی تنازعات، بالخصوص ایران-اسرائیل کشیدگی کے پیش نظر 12 کھرب 90 ارب روپے کا دفاعی بجٹ تجویز کیا گیا ہے، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 11.8 فیصد زیادہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے خلاف کامیابیاں حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

انہوں نے ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران-اسرائیل جنگ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں، اور عالمی ضمیر کی بیداری کا وقت آ چکا ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ان کی ایرانی صدر مسعود پزیشکیان اور ترک صدر رجب طیب اردوان سے اس حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، جبکہ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار 21-22 جون کو ترکی میں ہونے والے او آئی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) کا بجٹ بڑھا کر ایک ہزار ارب روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ توانائی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی منظوری بھی دی گئی۔

توانائی اصلاحات کے تحت گردشی قرضہ ختم کرنے کے لیے 12 کھرب 75 ارب روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا، جس میں 683 ارب روپے کے قرضوں کو ری فنانس اور آئی پی پیز کو بقایا جات کی ادائیگی کی جائے گی، جبکہ قومی بجٹ پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔

وزیراعظم نے آئی ایم ایف کو زرعی شعبے پر ٹیکس نہ لگانے پر قائل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کھاد اور کیڑے مار ادویات پر ٹیکس سے اجتناب کیا جائے گا۔

انہوں نے سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "ہم ان لوگوں کی طرح نہیں جنہوں نے وعدے وفا نہیں کیے اور ملک کو دیوالیہ کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔”

کابینہ اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی معاشی ٹیم کو عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر سراہا گیا، جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کو حجاج کرام کے بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مزید برآں، اجلاس میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کو قومی مفادات کے دفاع میں اہم قرار دیا گیا۔

آخر میں کابینہ نے 21 مئی کو کیبنٹ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی باقاعدہ توثیق بھی کی۔

66 / 100 SEO Score

One thought on “وزیراعظم کا بجٹ دفاع ایران سے یکجہتی کا اعادہ اور توانائی اصلاحات کی منظوری

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!