پاکستان سنی تحریک کے نائب سربراہ محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ سیدنا عبداللہ شاہ غازیؒ نے حق و صداقت کا علم بلند کیا اور ظلم و ناانصافی کے خاتمے کے لیے جدوجہد کی۔ آپ کی تعلیمات آج بھی انسانیت، اخوت، بھائی چارے اور محبت کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔ انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ان تعلیمات کو عام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
سندھ پولیس میں اعلیٰ افسران کے تقرر و تبادلے، ڈی آئی جی سطح پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے 1295ویں سالانہ عرس کے موقع پر غسل شریف کی روحانی تقریب کے بعد مزار اقدس پر چادرپوشی اور فاتحہ خوانی کے موقع پر زائرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ اُن عظیم المرتبت ہستیوں میں سے ہیں جنہوں نے اپنی روحانی طاقت، خلوص، اور بے مثال کردار سے ہزاروں دلوں کو ایمان کی روشنی سے منور کیا۔ آپ کو "محافظِ کراچی” بھی کہا جاتا ہے، اور یقین ہے کہ آپ کے مزار کی برکت سے کراچی طوفانی آفات سے محفوظ رہتا ہے۔
شاہد غوری نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اولیائے کرام کی تعلیمات کو اپنا کر معاشرے میں امن، رواداری اور محبت کا ماحول پیدا کریں۔ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کی زندگی ہمیں اخلاص، صبر، تبلیغِ دین، اور اللہ کی رضا کے لیے جدوجہد کا درس دیتی ہے۔ 1200 سال گزرنے کے باوجود ان کا روحانی فیضان آج بھی جاری و ساری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اولیاء اللہ کے ماننے والے معاشرے سے نفرت، فرقہ واریت، اور بدامنی کے خاتمے کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہیں۔ دشمن عناصر کی سازشوں کو اولیائے کرام کی روشنی میں ناکام بنایا جائے گا۔
اس موقع پر مرکزی رہنما فہیم الدین شیخ، روحانی اسکالر سید محمد علی شاہ، علامہ غضنفر طاہر شہابی، علامہ محمود قادری، عامر قادری اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
شاہد غوری نے مزید بتایا کہ شدید گرمی کے باوجود عرس مبارک میں شرکت کے لیے لاکھوں زائرین مزار پر حاضری دے رہے ہیں، جو عوام کی اولیائے کرام سے محبت کا ثبوت ہے۔
