کراچی: حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے 1295ویں سالانہ عرس کی افتتاحی تقریب منگل کے روز ان کے روضہ مبارک پر منعقد ہوئی، جس کا باضابطہ آغاز قائم مقام گورنر سندھ سید اویس قادر شاہ نے چادر پوشی سے کیا۔
ایران کا تل ابیب میں موساد مرکز پر حملے کا دعویٰ اسرائیل میں سائرن دھماکے اور ریفائنری بند
تقریب میں چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف فرخ شہزاد قریشی نے قائم مقام گورنر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سید اویس قادر شاہ نے روضہ مبارک پر چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و ملت کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا مانگی۔
قائم مقام گورنر نے زائرین سے ملاقات کی اور ان کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زائرین کو ہر ممکن سہولت، تحفظ اور وقار فراہم کیا جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ بزرگانِ دین کی تعلیمات انسانیت، امن، محبت اور روحانی تطہیر کا سرچشمہ ہیں۔ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ جیسے عظیم صوفی بزرگوں نے اپنے کردار اور پیغام سے معاشرے میں رواداری، اخوت اور محبت کو فروغ دیا، جن پر عمل پیرا ہونا آج کے دور کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مزاراتِ اولیاء پر آنے والے زائرین کے لیے سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دیتی ہے، اور محکمہ اوقاف و دیگر ادارے اس مقصد کے لیے مسلسل سرگرم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کا عرس ایک روحانی اجتماع ہے جو مختلف مکاتبِ فکر کے لوگوں کو باہم جوڑتا ہے۔ سندھ کی پہچان ہمیشہ صوفیاء، درویشوں اور اہلِ دل سے رہی ہے، جہاں محبت، برداشت اور خدمتِ خلق کی روایات ہمیشہ فروغ پاتی رہی ہیں۔

