کراچی: ایڈیشنل کمشنر کراچی سید غلام مہدی شاہ نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر محرم الحرام کے سلسلے میں تین اضلاع کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور جلوسوں و مجالس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے 1295ویں سالانہ عرس کا روحانی آغاز، قائم مقام گورنر سندھ نے چادر چڑھائی
دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم، ڈپٹی کمشنر سلیم اللہ اوڈھو، ڈپٹی کمشنر علی ذوالفقار میمن، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس افسران، ٹی ایم سی، ایس ایس ڈبلیو ایم بی، کے ڈبلیو ایس بی اور کے سی سی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل کمشنر نے اپنے دورے کا آغاز اورنگی ٹاؤن سے کیا، جہاں انہوں نے قصبہ کالونی، مسجد خیر العمل انچولی، اور جعفر طیار سمیت چار اہم امام بارگاہوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران منتظمین سے ملاقات کر کے درپیش مسائل دریافت کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کی انتظامیہ نے محرم الحرام کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور ان شاء اللہ یہ مقدس مہینہ امن، احترام اور عقیدت کے ساتھ منایا جائے گا۔ تمام متعلقہ ادارے شہریوں کے ساتھ مکمل تعاون میں مصروفِ عمل ہیں۔
ایڈیشنل کمشنر نے صفائی ستھرائی کے مؤثر اقدامات پر ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے افسران کا شکریہ ادا کیا اور مزید بہتری کی ہدایت بھی دی۔ انہوں نے پولیس حکام کو سیکورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
مزید برآں، غلام محمد خان ڈائریکٹر میڈیا و اسپورٹس (کمشنر کراچی) کو اس دورے کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔
دورے کے دوران مختلف تنظیموں کے نمائندوں جن میں شہنشاہ جعفری، سید حیدر رضوی، حاجی اختر علی، سید کاوش شاہ رضوی، اور سید اختر امام شامل تھے، سے مشاورت کی گئی اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی گئی۔
دورے کے اختتام پر ڈی ایس پی خالد جاوید نے دعائے خیر کرائی۔
