پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکہ پہنچنے پر غیرمعمولی اور تاریخی خیرمقدم کیا گیا۔ نیویارک کے معروف ٹائمز اسکوائر پر ان کے اعزاز میں خصوصی تشہیری مہم کا آغاز کیا گیا ہے، جس میں ان کی تصاویر، پیغامات اور پاکستان کے ترقی پسند تشخص کو نمایاں کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی ضلع وسطی کا پوائنٹ می ایپ پر غیر حاضری کا نوٹس، ملازمین کو وارننگ
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل منیر امریکی عسکری قیادت کی دعوت پر ایک ہفتے کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ٹائمز اسکوائر پر چلنے والی ڈیجیٹل ویڈیوز میں انہیں امریکی سینیٹرز کے ہمراہ اور پاکستانی بچوں کے ساتھ خوشگوار ماحول میں دکھایا گیا ہے۔ ان ویڈیوز کا مقصد پاکستان کو ایک تعلیم دوست، جدید اور امن پسند ریاست کے طور پر پیش کرنا ہے۔
یہ تشہیری مہم نیویارک سٹی انتظامیہ کے تعاون سے شروع کی گئی ہے، جو نہ صرف فیلڈ مارشل منیر کی آمد کا خیرمقدم ہے بلکہ حالیہ بھارتی تنازعے میں ان کی قائدانہ بصیرت اور تدبر کو عالمی سطح پر سراہنے کا عملی اظہار بھی ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ ماہ فیلڈ مارشل منیر کو پاکستان کی عسکری تاریخ میں منفرد اعزاز حاصل ہوا، جب انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی— وہ اس وقت دنیا کے چند حاضر سروس فیلڈ مارشلز میں شامل ہیں۔
دورے سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا نے امریکی کانگریس کی ہاؤس آرمڈ سروسز کمیٹی میں فیلڈ مارشل منیر اور پاک فوج کی کھل کر تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کو انسداد دہشتگردی میں امریکہ کا قابل اعتماد اور فعال شراکت دار قرار دیا۔
جنرل کوریلا نے بتایا کہ دونوں ممالک کے انٹیلی جنس تعاون سے داعش خراسان کے کئی اہم دہشتگرد گرفتار کیے گئے، جن میں کابل ایئرپورٹ حملے کے مرکزی ملزم محمد شریفللہ عرف جعفر بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل منیر نے ذاتی طور پر انہیں اطلاع دی اور دہشتگرد کی حوالگی کی پیشکش کرتے ہوئے امریکی قیادت کو آگاہ کرنے کا کہا۔
یہ اقدام بین الاقوامی سطح پر نہ صرف فیلڈ مارشل منیر کے عزم اور سفارتی بصیرت کو سراہنے کا باعث بنا ہے، بلکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں ایک نئے اعتماد اور تعاون کی بنیاد بھی فراہم کر رہا ہے۔
