تہران: ترجمان ایرانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حملے میں متعدد اعلیٰ ایرانی فوجی کمانڈر شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا کو ان حملوں کی بھاری قیمت چکانا ہو گی، ہم سے سخت ردعمل کی توقع رکھنی چاہیے۔ ترجمان کے مطابق ایران نے بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
اسرائیل کے ایران پر بڑے پیمانے پر حملے، اعلیٰ فوجی و جوہری حکام شہید، جوابی کارروائی کی دھمکی
ایرانی حکام کے مطابق ایرانی آرمی چیف جنرل محمد حسین باقری زندہ اور محفوظ ہیں اور اس وقت تہران کے وار روم میں موجود ہیں۔ ایران نے اسرائیلی جارحیت کے بعد فوری طور پر اپنی فضائی حدود تا حکمِ ثانی بند کر دی ہیں اور بھرپور جواب کی منصوبہ بندی جاری ہے۔
حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل کے ان حملوں میں امریکا نے مکمل معاونت فراہم کی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں تہران، قم، تبریز، ارمیا، مراغہ اور اہواز جیسے اہم شہر نشانہ بنے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیلی حملوں کو "خونی طاقت کا استعمال” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔
