تہران: ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایران پر کئی میزائل حملے کیے ہیں جن میں پاسدارانِ انقلاب کے ہیڈکوارٹرز سمیت حساس فوجی و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈران چیف جنرل حسین سلامی، القدس فورس کے سینئر کمانڈر اسماعیل قانی، اور جوہری پروگرام کے سربراہ و سپریم لیڈر کے سینئر مشیر علی شمخانی کی شہادت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ایرانی ذرائع ابلاغ نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ جوہری توانائی کے سابق سربراہ ڈاکٹر فریدون عباسی اور ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر تہرانچی بھی ان حملوں میں شہید ہو گئے ہیں، جبکہ پاسداران کے ایک اور اعلیٰ کمانڈر جنرل غلام علی راشد کی شہادت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایرانی آرمی چیف کو بھی ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے ترجمان نے اسرائیل اور امریکہ کو سخت نتائج کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں کی بھاری قیمت چکانا ہو گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کی افواج بھرپور جوابی کارروائی کے لیے تیار ہیں اور دشمن ہم سے سخت ردعمل کی توقع رکھے۔
