کراچی: حکومت سندھ نے آئندہ مالی سال 2025-26 میں جدید، ماحول دوست اور پائیدار ٹرانسپورٹ سسٹم کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کر لیے ہیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزید بسوں کی خریداری، ای وی (الیکٹرک وہیکل) ٹیکسیوں اور اسکوٹرز کے منصوبوں کے لیے بجٹ مختص کیا جائے گا۔
امریکا کا اعتراف: پاکستان انسداد دہشتگردی کا غیرمعمولی اتحادی
اجلاس میں پیپلز بس سروس، ای وی اسکوٹرز اور دیگر منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف مقامات پر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ انفرااسٹرکچر کی تنصیب پر بھی بات چیت ہوئی۔
شرجیل میمن کو موجودہ مالی سال کے منصوبوں اور آئندہ سال کے مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، جبکہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت سرمایہ کاروں کے ساتھ جاری تعاون پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ بتایا گیا کہ یلو لائن بی آر ٹی کا اہم سیکشن، جام صادق پل مکمل ہو چکا ہے، اور اس کا افتتاح جلد متوقع ہے۔
سینئر وزیر نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو سستی، ماحول دوست اور جدید ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈبل ڈیکر بسز، ای وی بسز اور پیپلز بس سروس کا نیٹ ورک پھیلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر شہری تک معیاری سفری سہولیات پہنچانا حکومت کا مقصد ہے تاکہ ٹریفک نظام بہتر اور زندگی آسان ہو سکے۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
