کراچی (رپورٹ:) — ابراہیم حیدری کے علاقے میں پانی کی ٹینکی کی صفائی کے دوران افسوسناک سانحہ پیش آیا، جس میں دو بھائی زہریلی گیس کا شکار ہو گئے۔ 20 سالہ لاؤ تی اور 15 سالہ سبحان گھر کی زیر زمین ٹینکی صاف کرنے کے لیے اس میں اترے، تاہم ٹینکی میں زہریلی گیس بھر جانے کے باعث دونوں کی حالت نازک ہو گئی۔
ایپکا وفد کی چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو کو عیدالاضحی کی مبارکباد
مقامی ذرائع کے مطابق، علاقے میں آلودہ پانی ٹینکی میں داخل ہونے سے زہریلی گیس پیدا ہوئی، جس نے دونوں بھائیوں کو بے ہوش کر دیا۔ لاؤ تی کو فوری طور پر سندھ گورنمنٹ اسپتال ابراہیم حیدری منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی، جبکہ سبحان کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہے۔
اس واقعے نے علاقے میں پانی کی فراہمی کے ناقص نظام اور صفائی کے فقدان کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔ مقامی افراد اور سماجی کارکنوں نے حکومت سے فوری اصلاحاتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
پاکستان فشر فوک فورم کے ترجمان، کمال شاہ نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "یہ سانحہ اس بات کا ثبوت ہے کہ علاقے میں پانی کے نظام کی حالت تشویشناک ہے، جس کی اصلاح کے لیے فوری اقدام ناگزیر ہے۔”
