کراچی (رپورٹ:) — واٹر کارپوریشن نے جامعہ کراچی میں 36 انچ قطر کی پائپ لائن کی مرمت کامیابی سے مکمل کر لی۔ مرمتی کام کے دوران پائپ لائن کی انسپکشن ٹی پر نیک پلیٹ نصب کی گئی، جو لائن کی مؤثر کارکردگی کے لیے نہایت ضروری تھی۔ حکام کے مطابق نیک پلیٹ کی غیر موجودگی کے باعث پائپ لائن میں لیکیج ہو رہا تھا، جس سے شہر کو پانی کی فراہمی میں خلل کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔
ابراہیم حیدری میں پانی کی ٹینکی کی صفائی کے دوران سانحہ، دو بھائی زہریلی گیس کا شکار، ایک جاں بحق
چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم، سید محمد اعجاز نے بتایا کہ مرمت سے قبل جب ڈی واٹرنگ کی گئی تو انکشاف ہوا کہ کسی شرپسند نے انسپکشن ٹی کی نیک پلیٹ چرا لی ہے۔ انہوں نے اس حرکت کو گھناؤنی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد شہر کو پانی کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنا اور عوام کو مشکلات سے دوچار کرنا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پانی جیسے اہم وسائل سے متعلق اس قسم کی مجرمانہ سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ واٹر کارپوریشن شہریوں کو بہتر فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن نے تصدیق کی کہ متعلقہ حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف چوری کا ازالہ کیا بلکہ پائپ لائن کو فوری مرمت کر کے شہریوں کو ممکنہ پریشانی سے بچا لیا۔
