کمشنر کراچی سید حسین نقوی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں دو اہم اجلاس منعقد ہوئے، جن میں شہر کے قبرستانوں کے مسائل اور لیاری ایکسپریس وے پر ٹریفک کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اتحادِ اہلِ سنت پر عزم جماعت اہلِ سنت وفد کی قادری ہاؤس آمد ملکی مسائل پر تبادلہ خیال
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ایڈیشنل کمشنر کراچی، تمام ڈپٹی کمشنرز، این ایچ اے، موٹروے پولیس، اے سی ہیڈ کوارٹرز، اے سی ریونیو، پی ڈی کمشنر آفس اور ماس ٹرانزٹ پروگرام کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز پر کمشنر کراچی نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں عوامی خدمات انجام دینے پر ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، کنٹرول روم، پی آر سیکشن کے ہیڈ غلام محمد خان اور دیگر افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر افسران و ملازمین کو عیدی بھی دی گئی۔
قبرستانوں کے مسائل کے حل اور نئے قبرستانوں کے لیے زمین کے حصول پر ڈپٹی کمشنرز سے مشاورت کی گئی، جبکہ لیاری ایکسپریس وے اور ہیوی ٹریفک کی کے پی ٹی سے موٹروے اور ناردن بائی پاس تک روانی برقرار رکھنے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔
اے سی ہیڈ کوارٹرز رابعہ سید نے ٹریفک امور پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور ڈی آئی جی ٹریفک نے اہم سفارشات پیش کیں۔
دریں اثنا، ایڈیشنل کمشنر سید غلام مہدی شاہ کی زیر نگرانی عید کے تین دنوں میں آلائشوں کی غیرقانونی چیر پھاڑ اور دیگر خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے 539 افراد کو گرفتار اور 206 ایف آئی آر درج کی گئیں۔
کمشنر کراچی نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ایس ایس ڈبلیو ایم بی کو آلائشوں کی بروقت منتقلی پر بہترین کارکردگی پر سراہا۔
