جماعت اہلِ سنت پاکستان کراچی کے وفد نے ناظم اعلیٰ سید رفیق شاہ کی قیادت میں چیئرمین پاکستان سنی تحریک، انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری سے قادری ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ملک کے موجودہ حالات، اہم قومی ایشوز اور اتحادِ اہلِ سنت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مالی سال 2025-26 کا 17.6 ہزار ارب روپے کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا
وفد میں نائب ناظم علامہ شوکت حسین سیالوی، سیکرٹری اطلاعات علامہ مولانا محمد جمیل امینی، امیر ضلع کورنگی مفتی محمد فرقان شامی، ناظم ضلع سنٹرل مفتی محمد فیصل رشید، چیف آرگنائزر ضلع سینٹرل اسد جواد شیروانی اور مدنی رضا شامل تھے، جبکہ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر محمد طیب حسین قادری سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں نے اتحادِ اہلِ سنت کے وسیع تر مفاد میں مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وفد نے ثروت اعجاز قادری کو پاکستان سنی تحریک کا چیئرمین بننے پر مبارکباد دی، جس کے جواب میں انہوں نے شاہ عبدالحق کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، اور اتحادِ اہلِ سنت کو نظریۂ پاکستان کی بنیاد پر مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ہمیشہ اہلِ سنت کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے رہے، مگر پاکستان سنی تحریک ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار بنی رہی ہے۔
اس موقع پر سید رفیق شاہ نے کہا کہ دشمنانِ اسلام ہمیں کمزور کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، لیکن جب تک ہمارے جسم میں خون کا ایک قطرہ بھی باقی ہے، ہم ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت ہمیشہ سے امن، استحکام اور حب الوطنی کا علمبردار رہا ہے۔
