اسلام آباد: قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں بجٹ سیشن 2025-26 کے ایجنڈے اور دورانیے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
کمشنر کراچی کی زیر صدارت قبرستانوں اور ٹریفک مسائل پر اجلاس عید خدمات پر افسران کو خراج تحسین
کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 27 جون 2025 تک جاری رہے گا، جبکہ وفاقی بجٹ 2025-26 کو 10 جون کو اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
اسپیکر کے مطابق 11 اور 12 جون کو اجلاس منعقد نہیں ہوگا، جبکہ 13 جون سے بجٹ پر باقاعدہ بحث کا آغاز کیا جائے گا۔ بجٹ پر بحث 21 جون تک جاری رہے گی، اور اسی روز اسے سمیٹا جائے گا۔ 22 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہوگا۔
23 جون کو مختص کردہ اخراجات پر بحث ہوگی، 24 اور 25 جون کو ڈیمانڈز، گرانٹس، اور کٹوتی کی تحاریک پر بحث و ووٹنگ ہوگی۔ 26 جون کو فنانس بل کی منظوری دی جائے گی، جبکہ 27 جون کو سپلیمنٹری گرانٹس اور دیگر امور پر بحث و ووٹنگ کی جائے گی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو قواعد کے مطابق اظہارِ خیال کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ، اعظم نذیر تارڑ، طارق فضل چوہدری، شہلا رضا، شیخ آفتاب، اعجاز جاکھرانی، ملک عامر ڈوگر، نور عالم خان، سید امین الحق، شازیہ عطا مری، زرتاج گل، گل اصغر خان، ریاض فتیانہ، اور علی محمد خان نے شرکت کی۔
