سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں حج 2025 کے روح پرور مناسک کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت لاکھوں عازمین، جن میں بڑی تعداد پاکستانیوں کی بھی شامل ہے، منیٰ کی جانب روانہ ہو رہے ہیں۔
لیاقت آباد میں گٹکا ماوا کا خفیہ کارخانہ بے نقاب، 4 ملزمان گرفتار
یہ سفر حج کے اہم ترین مراحل میں سے ایک ہے، جہاں تمام عازمین 9 ذوالحجہ کی فجر تک قیام کریں گے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف بھی عازمین کے ساتھ مکہ مکرمہ سے منیٰ روانہ ہوئے اور وہ ٹرانسپورٹ سروس کی بذات خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ پاکستانی عازمین کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔
وزیر موصوف نے ہدایت جاری کی ہے کہ پاکستانی عازمین کی تمام رہائش گاہوں تک بروقت ٹرانسپورٹ پہنچائی جائے اور حجاج کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
سردار یوسف دورانِ سفر خود شکایات سن رہے ہیں اور متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کر رہے ہیں۔
اب تک عازمین کی بڑی تعداد منیٰ پہنچ چکی ہے جبکہ باقی قافلے نمازِ ظہر تک پہنچنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال پاکستان سے تقریباً 89,000 افراد سرکاری حج اسکیم کے تحت اور 23,620 سے زائد نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے فریضہ حج ادا کرنے سعودی عرب پہنچے ہیں۔
