کراچی: پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ بلال عباس قادری نے قربانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے، جو ہر صاحبِ حیثیت، بالغ اور عاقل مسلمان پر فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذوالحجہ کے بابرکت مہینے میں مسلمان رب کی رضا اور قربت کے حصول کے لیے قربانی کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانور کے ہر بال کے بدلے ایک نیکی لکھی جاتی ہے، اور جو مسلمان اللہ کی بارگاہ میں قربانی پیش کرتا ہے اسے اس کا ثواب پورے سال تک حاصل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد تقویٰ ہے، کیونکہ قرآن میں فرمایا گیا ہے کہ "اللہ کو نہ گوشت پہنچتا ہے نہ خون، بلکہ تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے”۔ اس لیے ضروری ہے کہ قربانی کرنے سے پہلے اپنے اندر تقویٰ پیدا کیا جائے۔
بلال عباس قادری نے کہا کہ قربانی کا جذبہ صرف مسلمانوں کے شایانِ شان ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے رب کی رضا کے لیے ہر طرح کی قربانی دی، اور ہمیں بھی اسی جذبے کے تحت ہر وقت اللہ کی راہ میں اپنی جان، مال، وقت اور خواہشات کی قربانی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان وہی ہے جو اللہ کی رضا کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو ہمہ وقت تیار رہے، کیونکہ ایک مومن کی اصل دولت اس کا تقویٰ اور خلوص ہوتا ہے، نہ کہ دنیاوی مال و دولت۔
