کراچی: اسٹریٹ کرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرنے اور پولیس مقابلوں میں جرأت مندی سے کام لینے پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے ایس ایچ او اور جوانوں کو تعریفی اسناد اور CC-III نقد انعامات سے نوازا۔
ترجمان کے مطابق، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے۔ انعامات ان اہلکاروں کو دیے گئے جنہوں نے پولیس مقابلے، گلشن اقبال میں دورانِ ڈکیتی قتل کے ڈیٹیکشن کیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں۔
گزشتہ دنوں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں ہونے والے پولیس مقابلے میں جوانوں نے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جس پر انہیں حوصلہ افزائی کے طور پر نقد انعام اور تعریفی اسناد دی گئیں۔
اس موقع پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے مورال کو بلند رکھنے، پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ایمانداری اور دلجمعی سے ادا کرنے کی تلقین کی۔
