کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بی اے ناصر کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے کی موٹرویز اور ہائی ویز پر جرائم کی روک تھام، ایکسل لوڈر جم، وہیکل فٹنس، فینسز پروٹیکشن، ویٹ اسٹیشنز اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جیل بریک سنگین واقعہ، ذمہ داران معطل، قیدیوں کو 24 گھنٹے میں سرنڈر کرنے کا الٹی میٹم: شرجیل میمن
اجلاس میں ڈی آئی جی ہائی وے پیٹرول سندھ نے یونٹ کے قیام، مقاصد اور موجودہ کارکردگی پر بریفنگ دی، جبکہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے ہائی ویز کے ذریعے کراچی میں داخل ہونے والی ٹریفک اور حادثات کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول کا بنیادی مقصد ہائی ویز پر جرائم کی روک تھام ہے، اور اس اجلاس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان موثر تعاون اور مستقل ورکنگ ریلیشن کا قیام ہے۔
آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بی اے ناصر نے کہا کہ ایکسل لوڈر جم میں 2023 سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اہم پیش رفت کی ہے، اور مسلسل خلاف ورزی کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیز پر پابندی کے حوالے سے تمام ادارے متفق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے تمام صوبوں کو وہیکل فٹنس چیک کرنے، فٹنس سرٹیفیکیٹس کو ڈیجیٹلائز کرنے اور تھرڈ پارٹی خدمات کے استعمال کی تجویز دی ہے۔
دونوں ادارے ہفتہ وار اور ماہانہ بنیاد پر ورکنگ گروپ کے اجلاس منعقد کریں گے تاکہ تجربات کا تبادلہ اور مشترکہ اقدامات کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔
آئی جی موٹروے پولیس نے سندھ پولیس کے ساتھ گذشتہ دنوں احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے دوران کیے گئے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

