کراچی: وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول مکیش کمار چاؤلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ڈیفنس کلفٹن میں ایک نیا فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو سوک سینٹر جانے کی زحمت نہ ہو۔ ابتدائی طور پر یہ مرکز 12 گھنٹے فعال رہے گا، جب کہ محرم کے بعد اسے 24 گھنٹے کام کرنے والا سینٹر بنا دیا جائے گا۔
کراچی میں مضر صحت چائے اور دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
انہوں نے بتایا کہ یہ سینٹر مکمل طور پر آن لائن سسٹم کے ذریعے سوک سینٹر سے منسلک ہے اور ہر قسم کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ مکیش چاؤلہ کے مطابق حکومت سندھ پورے صوبے میں ایسے سینٹرز قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جنہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں چھ سے سات مقامات پر، جبکہ حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں دو دو سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ بعد ازاں ضلعی سطح پر ان سینٹرز کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
منشیات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر نے شکوہ کیا کہ ماضی میں میڈیا آدھے گرام کی گرفتاری پر بریکنگ نیوز دیتا تھا، لیکن اب بھاری مقدار میں منشیات پکڑے جانے پر خاموشی اختیار کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے مؤثر کریک ڈاؤن جاری ہے اور حالیہ کابینہ اجلاس میں اس مسئلے کو سنجیدگی سے اٹھایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں سے ملنے والی ضمانتوں پر تشویش ہے، اس لیے اسپیشل کورٹس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مقدمات جلد نمٹائے جا سکیں اور ملزمان کو فوری ضمانت نہ ملے۔ اسپیشل عدالتوں کو ہدایت کی جائے گی کہ کیس پراپرٹی کو محفوظ رکھتے ہوئے باقی منشیات فوری تلف کر دی جائے۔
وزیر نے میڈیا سے اپیل کی کہ منشیات فروشی کی نشاندہی کریں، تاکہ حکومت فوری ایکشن لے سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون سندھ میں بھی منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور آئندہ سخت ایکشن دیکھنے کو ملے گا۔

