سکھر: ضلع سکھر کے علاقے باگڑجی میں جتوئی اور کھونہارو برادریوں کے درمیان سیاہ کاری کے الزام پر شدید مسلح تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔
ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل کے مطابق واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں لے لیا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں برادریوں سے تعلق رکھنے والے 10 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر پولیس کی موجودگی بڑھا دی گئی ہے تاکہ دوبارہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
