کراچی ( ) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ملاوٹ شدہ چائے، دودھ اور نشہ آور چائے فروخت کرنے والے چائے خانوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں جاری کیں، جس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی، تمام ڈپٹی کمشنرز، سندھ فوڈ اتھارٹی اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے افسران شریک ہوئے۔
کراچی میں زلزلے کے جھٹکوں پر کمشنر کا ردعمل: شہری احتیاط برتیں، خوفزدہ نہ ہوں
اجلاس کے دوران کمشنر کراچی نے غیر قانونی مویشی منڈیوں اور انسداد پولیو مہم پر کامیاب کارروائیوں پر ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو مبارکباد دی اور ہدایت کی کہ غیر قانونی منڈیوں کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے۔
انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کو پرائس لسٹ 13 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار تک کرنے کی ہدایت بھی کی۔ کمشنر نے واضح طور پر کہا کہ جن چائے خانوں پر ملاوٹ یا نشہ آور چائے فروخت کرنے کی اطلاعات ہیں، ان کو فوری سیل کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مزید برآں، کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ عید سے دو روز قبل گداگروں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں۔ ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے ایم ڈی طارق علی نظامانی کو ہدایت کی گئی کہ وہ عید کے پانچوں دن فیلڈ میں رہ کر صفائی کے انتظامات کی نگرانی کریں، اور آلائشوں و جانوروں کی چربی سے تیل نکالنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔
کمشنر نے اے سی منگھو پیر کو آلائشوں کی دفن کرنے والی جگہ پر نظر رکھنے کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا اور تمام متعلقہ افسران کو دفاتر میں موجود رہنے کی ہدایت دی۔
آخر میں انہوں نے فوڈ اتھارٹی کے چیئرمین آصف جان صدیقی کو ہدایت کی کہ مضر صحت چائے، دودھ، کھانے اور بیکری آئٹمز فروخت کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بھرپور کارروائی کی جائے۔
