کراچی (اسٹاف رپورٹر) برکلن سیکنڈری اسکول کی جانب سے ملک کے ممتاز قانون دان ضیاء احمد اعوان ایڈوکیٹ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اساتذہ کرام، طلباء و طالبات اور دیگر معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ضیاء احمد اعوان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فنکشنل ناردرن بائی پاس مویشی دوست منڈی میں قربانی کے جانوروں کی دھوم، 50 ہزار سے زائد جانور فروخت
اپنے خطاب میں ضیاء احمد اعوان نے طلباء پر زور دیا کہ وہ تعلیم پر بھرپور توجہ دیں، محنت کریں اور والدین و وطن کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو معاشرے اپنے اساتذہ کی عزت نہیں کرتے وہ زوال پذیر ہو جاتے ہیں، کیونکہ اساتذہ ہی معاشرے کی فکری بنیاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے برکلن سیکنڈری اسکول کی تعلیمی خدمات کو مثالی اور قابل تحسین قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی شعبہ بھی دیگر شعبوں کی طرح سنگین مسائل کا شکار ہے، جہاں اساتذہ اور طلبہ کو قانونی رہنمائی میسر نہیں۔ اسی تناظر میں انہوں نے برکلن سیکنڈری اسکول کے چیف ایگزیکٹو ارشد ملک کو شہرِ قائد میں تعلیمی مسائل کے قانونی حل کے لیے "سفیرِ تعلیم” مقرر کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اس ذمہ داری کو ایمانداری سے نبھائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارشد ملک نے اعتراف کیا کہ کراچی میں تعلیمی نظام سنگین بحران کا شکار ہے، امتحانات سخت گرمی اور لوڈشیڈنگ میں منعقد کیے جا رہے ہیں، طلبہ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور پاس ہونے کے لیے غلط ذرائع کا سہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضیاء احمد اعوان کی رہنمائی میں تعلیمی مسائل کے حل کے لیے قانونی حکمت عملی اپنائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر ارشد ملک نے ضیاء احمد اعوان کو ایک ڈیجیٹل تصویری اسکیچ پیش کیا۔ اسکول کی پرنسپل شیفونہ اشرف نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی سلامتی اور اساتذہ کی صحت کے لیے خصوصی دعا کرائی۔

