کراچی (اسٹاف رپورٹر) فنکشنل ناردرن بائی پاس پر قائم مویشی دوست منڈی میں 19 اپریل سے جاری جانوروں کی خرید و فروخت آج چالیسویں روز بھی زور و شور سے جاری ہے۔ اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد قربانی کے جانور منڈی میں پہنچ چکے ہیں جبکہ 50 ہزار سے زیادہ جانور فروخت کیے جا چکے ہیں۔
آرٹس کونسل کراچی میں خالد حمیدی کے شعری مجموعے “سوچ” کی باوقار تقریب رونمائی
منڈی میں وی وی آئی پی اور جنرل بلاکس کے اسٹالز پر خوبصورت اور صحت مند جانوروں کی بھرمار ہے، جہاں ہر کیمرے اور خریدار کی نظر ان پر ہے۔ گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے بیوپاریوں نے جانوروں کو دن کے اوقات میں نہلانا اور سروس کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ وہ تروتازہ رہیں۔
ایڈمنسٹریٹر فیصل علی کے مطابق منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد عیدالاضحیٰ تک جاری رہے گی۔ چیئرمین ایچ ایم آر گروپ ڈاکٹر حاجی محمد رفیق پردیسی نے منڈی کے میڈیا سیل کے دورے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن سے مویشی منڈی آتے رہے ہیں، مگر آج کی مویشی دوست منڈی دیکھ کر دل خوش ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں خریدار اور بیوپاری دونوں مطمئن دکھائی دیتے ہیں اور انتظامیہ نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ڈاکٹر رفیق پردیسی نے بتایا کہ انہوں نے بھی یہاں سے آفریدی کیٹل فارم سے دو قربانی کے جانور خریدے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بیوپاریوں کی حوصلہ افزائی اور مدد کریں جو دور دراز علاقوں سے قربانی کے جانور لے کر یہاں آتے ہیں۔
فوڈ اسٹریٹ کی خوبصورتی پر بھی انہوں نے بھرپور داد دی۔ اختتام پر ایچ ایم آر گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر رفیق پردیسی کو منڈی کے میڈیا سیل کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی، جو عتیق احمد، مرتضیٰ سادری والا، اور ذکی ابڑو نے پیش کی۔ اس موقع پر ماجد خان، فیروز اور مبین احمد بھی موجود تھے۔
