کراچی (نمائندہ خصوصی) دنیا کی سب سے بڑی بین الاقوامی ایئرلائن ایمرٹس نے کراچی میں اٹلی کے قونصل خانے کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی سفر کو آسان بنانا، ثقافتی و کاروباری روابط کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔
یہ معاہدہ ایمرٹس پاکستان کے نائب صدر محمد الہاشمی اور اٹلی کے قونصل فابریزیو بییلی کے درمیان کراچی میں اطالوی قونصل خانے میں منعقدہ تقریب میں طے پایا۔
معاہدے کے تحت ایمرٹس اطالوی قونصل خانے کی ترجیحی ایئرلائن بنے گی۔ اس اشتراک کے نتیجے میں سفارتی مسافروں کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جن میں رعایتی کرائے، کم کارگو نرخ، اور اضافی سامان کی اجازت شامل ہیں۔
ایمرٹس، اطالوی قونصل خانے کے زیر اہتمام ہونے والی سفارتی، ثقافتی اور کاروباری تقریبات میں بھی فعال شرکت کرے گا، جب کہ قونصل خانہ بھی انفرادی و ادارہ جاتی سطح پر ایمرٹس کے ذریعے سفر کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
ایمرٹس کے نائب صدر محمد الہاشمی نے کہا:
"ہمیں کراچی میں اطالوی قونصل خانے کے ساتھ اس اشتراک پر خوشی ہے۔ اٹلی ایک اہم مارکیٹ ہے جہاں ایمرٹس گزشتہ 30 برسوں سے خدمات انجام دے رہی ہے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی ایک عملی کوشش ہے۔”
دوسری جانب اطالوی قونصل فابریزیو بییلی نے کہا:
"ایمرٹس کے ساتھ یہ اشتراک ہماری سفارتی برادری کے لیے سہولت کا باعث بنے گا اور اٹلی و پاکستان کے روابط کو مزید وسعت دے گا۔ ہمیں امید ہے کہ اس تعاون سے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔”
