وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں سندھ اور وفاقی حکومت نے سمندری آلودگی کے خاتمے، کوسٹل ڈویلپمنٹ، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس اور ایکو ٹورازم سمیت متعدد منصوبوں پر شراکتی بنیادوں پر کام کرنے پر اتفاق کر لیا۔
بولٹن مارکیٹ کے تاجروں کا کسٹم حکام کیخلاف شدید احتجاج ایم اے جناح روڈ بند ٹریفک جام
اجلاس میں سندھ کابینہ کے وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، محمد علی ملکانی، مشیر ماحولیات دوست محمد راہمون، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری لائیو اسٹاک کاظم جتوئی اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
وفاقی سطح پر پارلیمانی سیکریٹری برائے میری ٹائم افیئرز ڈاکٹر درشن پُنشی، ڈی جی پورٹس اینڈ شپنگ عالیہ شاہد، سیکریٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ ڈاکٹر ارفع اقبال، چیئرمین پورٹ قاسم ریئر ایڈمرل (ر) معظم الیاس، جی ایم کے پی ٹی عتیق الرحمان اور دیگر حکام اجلاس میں شریک تھے۔
کوسٹل ڈیولپمنٹ زون: 3.1 بلین ڈالر کا منصوبہ
وزیراعلیٰ سندھ کو اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی کوسٹل کمپری ہینسو ڈویلپمنٹ زون (KCCDZ) کے تحت مچھر کالونی کے آگے سمندر برد 687 ایکڑ اراضی کو بازیاب کرا کر تین مراحل پر مشتمل میگا پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
یہ منصوبہ چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن (CRBC) کے تعاون سے 3.1 بلین ڈالر کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جس میں بزنس بے، ہائی ٹیک نالج پارک، نئی انڈسٹریل سٹی، کروز ٹرمینل اور ڈی سیلینیشن پلانٹ شامل ہیں۔ اس منصوبے سے کراچی میں بڑے پیمانے پر روزگار پیدا ہوگا۔
سیوریج ٹریٹمنٹ: S-III اور TP منصوبے تیز
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سمندر میں گندا پانی ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، S-III منصوبے کے تحت گندے پانی کو ٹریٹ کر کے لیاری اور ملیر ندیوں سے سمندر میں جانے سے روکا جائے گا۔ سندھ حکومت TP-I (100 MGD)، TP-II (180 MGD، ماڑی پور)، اور TP-IV (180 MGD، کورنگی) پر کام کر رہی ہے۔
TP-III پلانٹ سندھ حکومت اور CRBC مشترکہ طور پر تعمیر کر رہے ہیں جبکہ نیا ڈی سیلینیشن پلانٹ یومیہ 50,000 گیلن پانی فراہم کرے گا۔
ایکوا ٹورازم اور اراضی تنازعات پر پیشرفت
اجلاس میں ایکو ٹورازم پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کے تحت سیاح کشتی کے ذریعے مینگروز کے علاقے دیکھ سکیں گے۔ سندھ حکومت اور کے پی ٹی کے درمیان اراضی تنازعات کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں سندھ حکومت کی جانب سے سید ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب اور کمشنر کراچی حسن نقوی شامل ہیں۔
اجلاس میں ٹرک اسٹیڈ کی شہر سے منتقلی کے لیے بھی پیش رفت ہوئی اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور کمشنر کراچی کو ہدف دیا گیا کہ وہ مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کو حتمی فیصلہ لینے میں معاونت فراہم کریں۔
