پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نیوی وار کالج کا 54 واں کانووکیشن لاہور میں منعقد ہوا، جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب کے دوران 118 افسران کو گریجویشن ڈگریاں دی گئیں، جن میں 44 افسران کا تعلق دوست ممالک سے تھا، جو اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان نیوی وار کالج خطے میں عسکری تعلیم کے بین الاقوامی مرکز کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
اپنے خطاب میں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اس بات کا ثبوت ہے کہ جنگ کی نوعیت تیزی سے بدل رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں غیر ریاستی عناصر کے بڑھتے ہوئے کردار اور غیر روایتی جنگی حکمت عملیوں کے تناظر میں روایتی عسکری منصوبہ بندی کو نئے چیلنجز سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمندری سلامتی کو درپیش نئے خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید سٹریٹیجک سوچ اور ہمہ جہتی تیاری ناگزیر ہو چکی ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں ڈگریاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر اعلیٰ عسکری حکام، سول معززین اور کورس ممبران کے اہل خانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، جنہوں نے گریجویٹس کو بھرپور داد دی۔

